تعمیرات میں استعمال کیے جانے والے اوزار اور آلات

Tools BI

خوبصورت رنگ و روغن اور ڈیزائن سے مزین شاہکار عمارتیں ہمیں لمحوں میں اپنا گرویدا بنا لیتی ہیں۔ دل ہی دل میں ہم آرکیٹیکٹ سے لے کر ہر اس انسان کا کام سراہتے ہیں جو اس عمارت کی تعمیر سے منسلک رہا ہو۔

لیکن کسی بھی عمارت کی تعمیر میں انسانی شرکت کے ساتھ ان آلات اور اوزاروں کا بہت عمل دخل ہوتا ہے جنہیں پہلی اینٹ سے لے کر آخری مرحلے تک زیرِ استعمال لایا جاتا ہے اور جن کے بغیر تعمیر ممکن ہی نہیں ہو پاتی۔ مزدور، معمار اور مستریوں کے زیر استعمال اِن آلات پر ایک نظر ڈالتے ہیں جن کے بغیر تعمیرات ممکن نہیں۔

 

معمار لکڑی کے ٹکڑے کی پیمائش کرتے ہوئے

پیمائش والا فیتہ

گھر یا کسی بھی عمارت میں بنائی جانے والی دیوار کی لمبائی، چوڑائی اور موٹائی ماپنے کے لیے پیمائش کا فیتہ استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹرالی

ٹرالی وہ چھوٹی ریڑھی ہوتی ہے جس پر اینٹوں، بجری، ریت اور سیمنٹ کو تعمیراتی جگہ پر منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ عمومی طور پر ایک ٹائر پر مشتمل ہوتی ہے جسے مزدور خود چلا کر مطلوبہ مقام تک لے جاتے ہیں۔

 

تعمیراتی کام میں استعمال کی جانے والی ٹرالی

کَس٘ی یا کئی

یہ لوہے سے بنی ہوتی ہے جس کے ایک طرف لکڑی کا دستہ اور دوسری طرف لوہے کا تیز اور پتلا چپٹہ حصہ نصب ہوتا ہے جو زمین کھودنے کے کام آتا ہے۔

چھینی

چھینی وہ اوزار ہے جس سے لکڑی ، دھات یا پتھر کاٹنے یا تراشنے کا کام لیا جاتا ہے۔

بیلچہ

یہ ایک دستی اوزار ہے جو سیمنٹ، مٹی، بجری، ریت ہٹانے یا اٹھانے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ بیلچے کی لمبائی تین سے چار فٹ تک ہوتی ہے جس کی ایک طرف لکڑی کا دستہ اور دوسری طرف لوہے کا چپٹہ ٹکڑا لگا ہوتا ہے۔

 

زمین کی کھدائی میں استعمال کیا جانے والا بیلچہ

 

فلوٹ

فلوٹ کی مدد سے دیوار اور فرش کی سطح ہموار کی جاتی ہے۔ یہ لکڑی کا سیدھا اور ہموار ٹکڑا ہوتا ہے جس کی مدد سے فرش یا دیوار کو ہموار کیا جاتا ہے اور دوسری طرف دستہ نصب ہوتا ہے۔

ڈرل مشین

ڈرل مشین الیکٹرک ہوتی ہے جو دیوار یا دروازے میں سوراخ کرنے کے کام آتی ہے۔

 

مزدور ڈرل مشین سے لکڑی میں سوراخ کرتے ہوئے

آری

آری کی مدد سے کسی بھی لکڑی کو بآسانی کاٹا جا سکتا ہے

رَن٘دا

رَندے کے زریعے کسی بھی لکڑی کی کھردری سطح کو ہموار کیا جاتا ہے۔

برما

برما لکڑی یا دوسری دھاتوں میں گہرے سوراخ کرنے کی غرض سے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ گول اور گھومنے والی تیز دھار دھات پرمبنی ہوتا ہے۔

کنکریٹ مکسچر

یہ وہ مکسچر ہے جس میں آسانی سے ریت، بجری اور سیمنٹ وغیرہ مکس کیا جاتا ہے۔

 

مزدور سیمنٹ مکسچر میں مٹیریل ڈالتے ہوئے

 

اینڈ فریم

یہ فریم ،اینڈ فریم کے نام سے جانا جاتا ہے جو دیوار میں اینٹوں کی ہموار سطح بنانے کے کام آتا ہے اور دھاگے کے آخر میں ایل کی شکل میں دیوار کی آخری اینٹ پر لگایا جاتا ہے۔

بوننگ راڈذ

یہ اوزار ٹی شکل کا بنا ہوتا ہے، جسے کھدائی والی جگہ کو ایک لیول پر ہموار کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ہتھوڑا

یہ ایک عام اوزار ہے جسے اینٹیں توڑنے یا دیوار کی ہموار سطح برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

 

گھر کی تعمیر میں ہتھوڑے کا استعمال کرتا مزدور

بمپ کٹر

یہ آلہ کنکریٹ کے فرش اور گھر کی بنیادوں کو لیول کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے

رمبی

رمبی وہ اوزار ہے جس کی مدد سے فرش یا دیواروں کی سطح کو ہموار کیا جا سکتا ہے۔

پالشر

پالشر وہ مشین ہے جس کے زریعے ٹائلوں اور اینٹوں پر بنی فرش کی سطح کو چمکدار اور ہموار کیا جاتا ہے۔

 

فرش ہموار کرنے والے پالشر کی تصویر

جُھرمُٹ

زمین کی نا ہموار سطح کو برابر اور سخت کرنے کے لیے جھرمٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ آلہ ایک طرف سے لوہے یا لکڑی کے بھاری بلاک پر مبنی ہوتا ہے اور دوسری طرف لکڑی کے دستے کی مدد سے استعمال کیا جاتاہے۔

ریت صاف کرنے والی مشین

اس مشین کی باریک جعلی کی بدولت ریت کو چھانا جاتا ہے تاکہ باریک اور صاف ریت کا حصول ممکن ہو اور اس میں پتھر، مٹی اور کنکر الگ ہو جائیں۔

شاقول

ڈوری  کے سرے پر لٹکا ہوا وہ لٹو جس کی مدد سے دیوار کی سیدھ معلوم کی جا سکتی ہے۔ شاقول کا استعمال دیوار کی عمودی حیثیت کو جانچنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس میں ایک ٹھوس دھاتی آلہ ہوتا ہے جو دھاگے کے سرے سے جڑا ہوتا ہے۔

دیوار کی تعمیر میں شاقول کا استعمال کرتا مزدور

ٹائل کٹر

ٹائل کٹر ٹائلز کاٹنے کے کام آتا ہے۔ کبھی کبھار کونے اور اطراف کی جگہ کو پُر کرنے کے لیے عام سائز کی ٹائل سے چھوٹی ٹائل کی ضرورت ہوتی ہے جس کے مطابق اس کو کاٹ لیا جاتا ہے۔

پچر

پچر تکونی شکل کا وہ تیز دھار آلہ ہوتا ہے جو پتھر یا لکڑی کو ہتھوڑے کی ضرب سے دو حصوں میں تقسیم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

 

لکڑی کاٹنے کے لیے پچر کا استعمال

 

سیڑھی

تعمیراتی کام میں سیڑھی وہ کارآمد آلہ ہے جس کے بغیر گزارا نہیں، کسی بھی اونچی سطح پر کام کرنے یا مٹیریل کی منتقلی کے لیے سیڑھی کا عام استعمال ہی فائدہ مند ہوتا ہے۔

دستانے، کیپ اور عینک

ان تمام اوزار اور آلات کے استعمال کرنے کے لیے مزدور، مستری اور معماروں کو اپنی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے دستانے، کیپ اور عینک کا استعمال کرنا چاہیئے جو تعمیراتی کاموں میں ضروری سمجھی جاتی ہیں۔

مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔