گھریلو اُمور کی انجام دہی میں رہائش کی دیکھ بھال کے بنیادی اصول

گھر کی دیکھ بھال ایک مشکل امر ہے لیکن گھر کو جاذبِ نظر بنائے رکھنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔ آج کے بلاگ میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ کیسے آپ اپنے گھر کو کچھ سادہ طریقوں سے اتنا حسین بنا سکتے ہیں کہ جو دیکھے وہ دیکھتا ہی رہ جائے۔

invest with imarat

Islamabad’s emerging city centre

Learn More

گھر کا آنکھوں کو بَھلا لگنا ہماری ذہنی و جسمانی صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔

تو آئیے! شروع کرتے ہیں۔

کپڑوں کا ڈھیر نہ لگنے دیں

تقریباً ہر بیڈ روم میں ایک ایسی کرسی موجود ہوتی ہے جو دُھلے اور میلے کپڑٖوں کے ڈھیر کے نیچے چھپی ہوتی ہے۔ اگر آپ کے بیڈروم میں بھی ایسا ہے تو آپ کو اس سے چھٹکارا پانے کی فوری ضرورت ہے۔ آپ فوری طور پر اپنے کپڑے اٹھائیے اور ان کو الماری میں سلیقے سے رکھیں۔ دھلنے والے کپڑوں کو اپنے گھر کی واشنگ مشین میں رکھ آئیے اور صاف کپڑوں کو سلیقے سے الماری میں سجا دیجیے۔

زندگی میں سلیقہ بہت معنی رکھتا ہے چاہے وہ بات کرنے کا ہو یا رہن سہن کا۔ بِنا سلیقے کے زندگی تو حیاتیات گزارا کرتے ہیں۔

کپڑوں کو سلیقے سے تہہ کیجیے اور الماری کے اندر لٹکا دیجیے۔ اس عمل میں آپ کے کُل دس منٹ بھی نہیں لگیں گے لیکن آپ کا بیڈروم منظم دکھائی دے گا۔

اپنے بستر کو بےترتیب نہ چھوڑیں

صبح کام پر یا پھر یونیورسٹی، کالج یا اسکول جاتے وقت اپنا بستر ضرور ترتیب دے کے جائیے۔ بے ترتیب بستر پورے کمرے کا منظر خراب کر دیتا ہے۔

بھلے صبح چند منٹ پہلے اٹھ جائیے لیکن گھر کی دیکھ بھال میں بیڈروم کا بستر بنانا لازم و ملزوم امر ہے۔

گھر کی صفائی کے لئے صاف اوزار کا استعمال بہت ضروری ہے

یہ بات نہایت اہم ہے کہ گھر کی صفائی کے دوران صاف اوزار کا استعمال کیا جائے۔ چاہے وہ ویکیوم کلینر ہو یا صفائی والا کپڑا، دونوں کا صاف ہونا نہایت لازم ہے۔

گھر کی صفائی سے قبل ویکیوم کلینر کو اچھی طرح صاف کرلیجیے تاکہ صفائی اچھی طرح ممکن ہو پائے۔ بالکل اسی طرح صاف کپڑا استعمال کرنا ہی صفائی کو احسن طریقے سے ممکن بنا سکتا ہے۔

اکثر گھروں میں گھر کے فرنیچر کی صفائی کے لئے بھی گندے کپڑے کا استعمال کیا جاتا ہے جو نہایت غلط ہے۔

صاف کپڑا ہی آپ کے فرنیچر کو نہ صرف نیا جیسا رکھ سکتا ہے بلکہ صفائی مکمل طریقے سے سرانجام دینے میں بھرپور معاون ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح گھر کی واشنگ مشین کی باقاعدگی سے صفائی بھی نہایت لازم ہے۔ صفائی نہ ہونے کی صورت میں واشنگ مشین دھوئے گئے کپڑوں کو میلا کر سکتی ہے۔

ردی کی چیزوں کو دراز میں مت رکھیں

اکثر گھروں میں دیکھا گیا ہے کہ ایسی چیزیں بھی الماریوں کی دراز میں پائی جاتی ہیں جن کا سرے سے کوئی استعمال ہی نہیں ہوتا۔ جیسا کہ کوئی پرانی قینچی، کوئی پرانا کاٖغذ، رسیدیں، پرانے پرس اور گھڑی وغیرہ۔

اکثر چیزیں یہ سوچ کر بھی اس دراز میں اکھٹی کر لی جاتی ہیں کہ شاید مستقبل میں کام آجائے لیکن غور کرنے پر ایسا نہیں ہوتا۔

محض ہماری سُستی کی وجہ سے وہ دراز سالہا سال ان ردی کی چیزوں سے بھری رہتی ہے۔ ایسے میں آپ کو چاہئے کہ وہ چیزیں جیسے کہ دھاگے، بٹن یا کوئی اہم رسیدیں جو کام کی ہیں ان کو الگ کر کے ایک مرتبان میں رکھ دیجئے  جو دیکھنے میں بھی خوبصورت نظر آئے۔ اس کے علاوہ ردی کی ہر چیز سے اس دراز کو خالی کر دیجیے تاکہ مستقبل میں کوئی اور اہم چیز رکھنے کے کام لائی جا سکے۔

گندے برتنوں کو کچن کے سنک میں نہ پھینکیں

صفائی نصف ایمان ہے۔ بالخصوص جب بھی آپ  کھانا کھاتے ہیں تو بعد میں برتنوں کو صاف رکھنا اور ان کی مناسب دیکھ بھال نہایت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لئے یہ ضروری ہے کہ سِنک میں گندے برتنوں کو جمع نہ کیا جائے۔ اس سے نہ صرف کچن کا منظر خراب نظر آتا ہے بلکہ یہ حفظانِ صحت کے اصولوں کے بھی عین خلاف ہے۔

اس مقصد کے لئے ضروری ہے کہ سِنک میں پڑے برتنوں کو ایسے کافی دیر تک نہ رکھا جائے بلکہ ان کو وقت سے دھو کر الماریوں میں سجایا جائے۔

ایک صاف ستھرا کچن گھر کو پُرسکون ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

گھر کی مرمت کے کاموں میں تاخیر نہ برتی جائے

یہ ضروری ہے کہ گھر کے مرمت کے کاموں میں تاخیر نہ بَرتی جائے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے گھر کے دروازے کا لاک ٹھیک نہیں ہے یا دیواروں پر پینٹ کرانے کی ضرورت ہے، یا پھر گھر کا کے فرش کی ٹائل ایک حصے سے اُکھڑ چکی ہے تو اس کو وقت سے ٹھیک کرا لیں۔

گھر کی وقت کے ساتھ ساتھ مرمت اِسے جاذبِ نظر بنانے کے لئے نہایت اہم ہے۔ کوئی بھی آنے والا مہمان ان چھوٹی چھوٹی باتوں کے پیمانے پر آپ کے گھر کی دیکھ بھال کرنے کو پرکھے گا۔

گھر کی دیکھ بھال کیوں ضروری ہے؟

اگر آپ کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہیں تو تیار رہیے، مالک مکان کسی بھی وقت آپ کے گھر آپ کی دیکھ بھال کو پرکھنے آ سکتا ہے۔ ایسے میں یہ ضروری ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر گھر کی دیکھ بھال کی جائے تاکہ آپ ایک باعزت کرایہ دار کی حیثیت سے گھر میں رہائش پذیر رہ سکیں۔

اگر آپ اپنے گھر کے مالک ہیں تب بھی گھر کی دیکھ بھال آپ کی عزت کا باعث بنے گی۔ بالخصوص مرمتی کاموں کو وقت سے سرانجام دینا آپ کے گھر کے معیار کو بھی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی قیمتِ فروخت میں بھی فرق نہیں ڈالے گا۔

مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ

invest with imarat Islamabad’s emerging city
centre
Learn More
Scroll to Top
Scroll to Top