اسلام آباد: حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام کم لاگت گھروں کی تعمیر کے رہائشی منصوبوں کے لیے بینکوں سے آسان شرائط کے ساتھ قرضوں کے حصول پر سُود کی شرح میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری حالیہ مراسلے کے مطابق حکومت نے پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ رہائشی منصوبوں کے لیے مارک اپ سبسڈی اسکیم متعارف کروا دی ہے۔
اس اسکیم کے تحت رہائشی منصوبے کے لیے قرض پر پہلے پانچ سالوں کے لیے مارک اپ کی شرح 3 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دی گئی ہے۔
اسی طرح قرض کی 10 سالہ مدت کے دوران مارک اپ کی شرح 6 سے 10 سال کے عرصے کے لیے 5 فیصد سے کم کر کے 4 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ آئندہ پانچ سال یعنی 11 سے 15 سال کے عرصے کے دوران مارک اپ کی شرح کیبورریٹ کے ساتھ منسلک کر دی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ سال 2021 کے دوران میرا پاکستان میرا گھر اسکیم کے تحت بینکوں نے 117 ارب روپے کے قرض جاری کیے جبکہ بینکوں کو مجموعی طور پر 276 ارب روپے کے قرضوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔