ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کا انتخاب کیسے کیا جائے؟

انسان کی زندگی تبدیلیوں کا مجموعہ ہے۔ کچھ تبدیلیاں دردِ سر بن جاتی ہیں اور کچھ توقع اور امید سے ذیادہ آسانیاں پیدا کر دیتی ہیں۔ چھوٹی تبدیلیوں کا تو گاہے بگاہے ہم سامنا کرتے رہتے ہیں اور ان میں ایڈجسٹ بھی ہو جاتے ہیں لیکن اگر بات ہو کسی پلاٹ، مکان یا زمین کا کوئی حصہ بیچنے اور خریدنے کی یا پھر گھر، آفس یا دکان کی تبدیلی کی تو ہمیں تجربے کے ساتھ ساتھ ایک ایسے ایماندار آدمی کی ضرورت ہوتی ہے جسے ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کہا جاتا ہے۔

invest with imarat

Islamabad’s emerging city centre

Learn More

وہ کونسی ممکنہ خوبیاں ہیں جو ایک ریئل اسٹیٹ ایجنٹ میں ہونی چاہیئں، آئیے ان کا جائزہ لیتے ہیں۔

 

ایک ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے

زمین، مکان، دفتر یا دکان کی خریداری ہو یا تبدیلی، ایک دن میں ممکن نہیں۔ ایک عام آدمی پہلے اس علاقے کا انتخاب کرتا ہے جہاں اسے شفٹ ہونا ہے۔ اور اگر علاقہ وہ نہیں جہاں وہ پہلے سے آباد ہے تو اسے کافی حد تک مشکل دکھائی دے رہا ہوتا ہے کیونکہ وہ اس نئے علاقے سے زیادہ واقف نہیں ہوتا اور وہاں کے لوگوں سے بھی جان پہچان نہیں ہوتی۔ ایسے میں سہارا لیا جاتا ہے ان لوگوں کا جو ایجنٹ کے طور پر مخلتف ناموں کے دفاتر کے ساتھ اس علاقے میں موجود ہوتے ہیں اور آپ کو ایک کے بعد ایک گھر کا دورہ کرواتے ہیں۔

مختلف ایجنٹس میں کس کا انتخاب اہم

کسی بھی درپیش مسئلے کے حل کے لیے ہمیں مخلتف لوگ مخلتف رائے دیتے ہیں اور ہم ان میں سے اس شخص یا رائے کو منتخب کرتے ہیں جسے ہماری چھٹی حس بہترین قرار دے اور وہ عوامل رکھے جن کو ہم اہم سمجھتے ہیں یا جو ہماری ضرورت ہیں۔ اسی طرح ہم مختلف ایجینٹس سے ملتے ہیں اور ان سے اپنی تلاش کا بہترین حل مانگتے ہیں۔
کسی بھی ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کا تجربہ کار ہونا ضروری اور اہم ہے لیکن اس شخص کا انتخاب ذیادہ معنی رکھتا ہے جو آپ کے لیے ایماندار ثابت ہو، جھوٹ اور لگی لپٹی باتوں سے پاک ہو اور جو نہ صرف اپنے فائدے اور پرافٹ بلکہ آپ کی ضرورت کو بھی سمجھے۔

 

ریفرنس یا حوالوں کا استعمال

کسی بھی سروس یا چیز کے حصول کے لیے ان لوگوں سے رائے لینا مناسب ہوتا ہے جو اسے پہلے استعمال کر چکے ہوں۔
کوشش کریں اس علاقے کے رہنے والوں سے کچھ معملومات اکھٹی کریں جو ویسی ہی صورتحال سے گزر چکے ہوں تاکہ وہ آپ کو اس علاقے کی بہترین سڑک پر موجود بہترین گلی کے بہترین گھر تک پہنچا سکیں۔
ان میں آپ کے دوست احباب سب سے ذیادہ مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں جو خود اس علاقے سے واقف نہ بھی ہوں تو ان کے دوست، رشتہ دار یا جان پہچان کے لوگ آپ کے لیے یہ کام آسان بنا سکتے ہیں۔

ایجنٹ جو آپ کو سمجھے

آپ کی ضرورت کو اپنا سمجھنا اور آپ کی مشکلات اور گھر خرید لینے کے بعد درپیش ممکنہ مسائل سے بچانے کی ذمہ داری کوئی ایسا شخص ہی لے سکتا ہے جو آپ سے ملنے کے بعد آپ کے قیمتی وقت کو سمجھتے ہوئے اور توانائی کو ضائع کیے بغیر آپ کا اعتماد جیتنا چاہتا ہو تاکہ مستقبل میں یا کسی حوالے کی صورت میں آپ اس کے معیاری کام کو ترجیح دیں۔

 

مددگار ایجنٹس کون سے ہوتے ہیں

اس بات کو یقینی بنانا ضروی ہے کہ ایجنٹ صرف وہی نہیں ہوتا جو آپ کو گھر کے بعد گھر دکھائے۔ جیسے اس معاملے میں آپ کی تھوڑی ریسرچ مددگار ثابت ہو سکتی ہے اسی طرح ایک اچھا ایجنٹ آپ کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اور اگر اس کے پاس ایک بہترین ٹیم موجود ہے تو وہ ٹیم آپ کو جلد از جلد ایک مناسب فیصلے تک لے جا سکتی ہے۔

 

بہترین ساکھ رکھنے والے ایجنٹ

کوئی بھی پرانی یا سالوں سے موجود آؤٹ لیٹ مارکیٹ میں نہ صرف اچھی طرح جانی جاتی ہے بلکہ اس کی موجودگی لوگوں کے اس پر اعتماد کا پتہ دیتی ہے۔ ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کے پرانے دفاتر بھی اس بات کا ثبوت ہوتے ہیں کہ نہ صرف لوگ ان سے اچھی طرح واقف ہیں بلکہ ان پر ترجیحی بنیادوں پر اعتماد بھی کیا جاتا ہے۔

 

ڈیجیٹل دور کے ایجنٹ

کبھی کبھی صرف جان پہچان ہونا اور حوالوں سے واقفیت ہونا بھی کافی نہیں ہوتا۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں چھوٹے سے چھوٹا بزنس چلانے والے یا خدمات دینے والے لوگ خود کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنی پروفائلز بنانا ضروری سمجھتے ہیں۔ جس سے نہ صرف مقبولیت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ کاروبار کو وسعت بھی ملتی ہے اور زیادہ تر لوگ ان سے رابطے ممکن بنا سکتے ہیں۔ گوگل سرچ میں نام آنے پر اعتماد کی شرح ذیادہ ہو جاتی ہے۔ اگر اپ کا ایجنٹ ڈیجیٹلائزڈ ہے تو آپ کا انتخاب ممکنہ طور پر با اعتماد ہو سکتا ہے۔

کس طرح کے ایجنٹس سے بچیں

اگر آپ مختلف ایجنٹس سے ملیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ ان میں سے کچھ بات سننے کو تیار ہیں لیکن سمجھنے کو نہیں۔ کچھ جلدی میں سنتے ہیں اور بار بار بتانے پر بھی آپ کا پوائنٹ آف ویو سمجھ نہیں پاتے جس کی بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ وہ ذہنی طور پر بہت سے کاموں میں الجھے ہوتے ہیں اور آپ کی بات نہیں سمجھتے۔ کچھ ایجنٹس اپنے مشورے دینا پسند کرتے ہیں، دوسرے معنوں میں وہ آپ کو کم سمجھدار گردان کر یا خود کو آپ سے ذیادہ سمجھدار جان کر اپنی مرضی کا گھر منتخب کرنے پر زور دیتے ہیں۔
کچھ ایجنٹس آپ کو کم اچھے گھر پہلے دکھاتے ہیں تاکہ آپ ان میں سے انتخاب کر لیں جنھیں زیادہ تر لوگ مسترد کر چکے ہوں۔
بیشتر ایسے بھی ایجنٹس مارکیٹ میں موجود ہیں جو آپ کو بلا کر تمام دن صرف اس لیے مصروف رکھتے ہیں تاکہ آپ ان کی مرضی کے منتخب کردہ گھر کو ہی پسند کر لیں۔ جس میں ان کے یہ حیلے بہانے شامل ہوتے ہیں کہ اب جو گھر میں آپ کو دکھانا چاہتا ہوں اس کی چابی دستیاب نہیں یا وہاں سڑک کی تعمیر کا کام چل رہا ہے یا پھر سیورج کا نظام خراب ہے۔
گھر کے وزٹ کے دوران اس کمرے یا حصے کو نہیں دکھایا جاتا یا سرسری سا دکھایا جاتا ہے جس میں کچھ مسائل ہوتے ہیں یا جو استعمال کے قابل ہی نہیں ہوتا جن میں سٹور بھی شامل ہو سکتا ہے کیونکہ اکثر سٹور حشرات الارض کی آماجگاہ بنے ہوتے ہیں جو صفائی کے بعد بھی ختم نہیں ہو پاتے۔
کوشش کریں کہ پہلے جو لوگ گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں یا جا چکے ہیں ان سے آپ کی ملاقات ہو سکے اور آپ ان سے کچھ خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔ اگر یہ ممکن ہو تو آپ کے لیے انتخاب کرنا آسان ہوگا۔

شفٹ ہونے سے پہلے کیا ضروری ہے

گھروں کی دیکھ بھال اور سجاوٹ کا کام زیادہ تر خواتین ہی سنبھالتی ہیں۔ کسی بھی مکان میں شفٹ ہونے سے پہلے انتظامات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرلیں اور بجلی، پانی، گیس کے کنیکشن اور ان کی مکمل فراہمی کے علاوہ ٹوٹے ہوئے سوئچ بورڈز اور بٹن، ناکارہ ٹوٹیاں اور لیکیج کے کام نوٹ کر لیں اور مالک مکان سے ایک مکمل اور فنکشنل گھر کی ڈیمانڈ کریں۔ جانچ پڑتال کا یہ کام خواتین بہتر طریقے سے انجام دے سکتی ہیں۔

ان سارے عوامل کو مد نظر رکھتے ہوئے ان سے بھی بڑھ کر ایک وہ آواز ہے جو آپ کے اندر سے آتی ہے۔ اپنے اندر کی آواز کو کبھی بھی مت دبائیے اور جب جہاں آپ کو معاملات مشکوک لگیں ان کو دوبارہ چیک کرنا ضروری سمجھیں چاہے آپ فیصلہ کرنے کے آخری لمحات پر ہی کیوں نہ موجود ہوں۔ یاد رکھیے، مکان کی تبدیلی وقتی نہیں ہوتی۔ آپ نے دن اور رات کا بیشتر حصہ یہاں گزرانا ہوتا ہے اور اسی سے آپ کا سکون منسلک ہے کیونکہ گھر اچھا ہوگا تو گھرانہ آباد رہے گا۔

مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔

invest with imarat Islamabad’s emerging city
centre
Learn More
Scroll to Top
Scroll to Top