گھر کی چھت پر سولر پینل کی تنصیب سے متعلق کچھ اہم معلومات

سولر پینلز اس صدی کی ایک بہترین ایجاد ہے جو نہ صرف بجلی بچانے کا باعث بھی بنتے ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں۔ آئیے آج کے اس بلاگ میں آپ کو ان کی تنصیب سے متعلق کچھ اہم معلومات فراہم کریں جو آپ کے لیے جاننا نہایت ضروری ہیں۔

invest with imarat

Islamabad’s emerging city centre

Learn More

انرجی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانا، توانائی کی کمی کے ملکی مسئلے کو بخوبی حل کر سکتا ہے اور سولر پینلز اس کا بہترین ذریعہ ہیں۔ گوکہ یہ بیش قیمت ہوتے ہیں لیکن یہ بجلی کے بل میں بچت کی مد میں انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں۔ سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنا نہ صرف توانائی پیدا کرنے کا انتہائی سستا ذریعہ ہے بلکہ یہ زندگی بھر کے لیے معاشی طور پر انتہائی سودمند ہے۔

ملک کے جغرافائی محل وقوع اور موسم کے باعث بیشتر علاقے پورا سال سورج کی بھرپور روشنی حاصل کرتے ہیں۔ یوں ہم سورج کی روشی کے استعمال سے توانائی پیدا کر کے توانائی کی کمی کے ملکی مسئلے کو حل کر سکتے ہیں۔

کیا سولر پینلز کی تنصیب ایک اچھا فیصلہ ہے؟

اس سے قبل کہ آپ سولر پینلز کی تنصیب کے لیے کسی کمپنی سے رابطہ کریں، آپ کو چاہیے کہ کچھ اہم نکات کی تصدیق کر لیں۔ وہ اہم نکات درج ذیل ہیں۔

کیا آپ کے گھر کو جنوب کی طرف سے سورج کی مناسب روشنی مل رہی ہے؟

کیا آپ کے گھر کے اردگرد اونچی عمارات تو موجود نہیں جو گھر کی چھت پر سائے کا باعث بن رہی ہوں اور سورج کی روشنی کی راہ میں رکاوٹ ہوں؟

کیا آپ کے گھر کے اطراف اونچے درخت تو موجود نہیں جو سورج کی روشنی روک رہے ہوں اور آندھی طوفان کی صورت میں سولر پینلز پر پتے گرانے کا باعث بنیں؟

کیا آپ کے گھر کی چھت اس طرز پر تعمیر ہوئی ہے کہ اس کو مناسب روشنی مل سکے؟

اگر آپ کا گھر مندرجہ بالا معیار پر پورا اترتا ہے تو آپ باآسانی سولر پینلز کی تنصیب کر سکتے ہیں۔

سولر پینل

بہترین سولر سسٹم کا انتخاب کیسے کیا جائے؟

سولر پینلز کی تنصیب ایک بڑا فیصلہ ہوتا ہے۔ اس کے لیے کون سی کمپنی کا انتخاب کیا جائے، یہ فیصلہ محض اشتہارات دیکھ کر نہ کریں بلکہ اپنے دوست احباب اور خاندان کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا جانا چاہیے۔ اگر پھر بھی آپ مناسب فیصلہ نہ کر پائیں تو انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کا رخ کریں اور وہاں مختلف کمپنیوں کے حوالے سے صارفین کے تاثرات پڑھنے کے بعد ہی فیصلہ کریں۔

نیٹ میٹرنگ کیا ہے؟

نیٹ میٹرنگ نیپرا سے تصدیق شدہ بِلنگ کا طریقہ کار ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت ڈسٹریبیوشن کمپنیاں صارفین کی جانب سے تیار کی جانے والی بجلی کو خرید لیتی ہیں۔ اس طریقہ کار کے تحت صارفین کی جانب سے فروخت کی جانے والی بجلی کی قیمت ڈسٹربیوشن کمپنیوں کی جانب سے صارفین کے بجلی کے بِلوں میں کمی کی مد میں ادا کی جاتی ہے۔

اس طریقہ کار کو لاگو کرنے کے لیے آپ کو سولر سسٹم کی تنصیب کے بعد نیٹ میٹرنگ ریگولیشن 2015 کے قانون کے تحت درخواست دائر کرنی ہو گی۔ درخواست کی منظوری کے بعد آپ کی متعلقہ ڈسٹریبیوشن کمپنی کا انرجی ڈیپارٹمنٹ آپ کے گھر میں معائنہ کے لیے ٹیم بھیجے گا۔ اگر ان کی ٹیم آپ کے سولر سسٹم اور اس سے پیدا ہونے والی بجلی کے عمل کو تسلی بخش قرار دیتی ہے تو آپ کو این او سی جاری کیا جائے گا۔

سولر سسٹم

سولر پینلز کی اقسام

سولر سسٹم کی تنصیب سے قبل اس کے بارے میں مکمل معلومات ہونا نہایت لازم ہے کہ سولر کمپنیاں رہائشی علاقوں میں کس طرح کے سولر پینلز انسٹال کرتی ہیں۔ گھروں میں نصب ہونے والا ایک مکمل سولر سسٹم دو چیزوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

سولر پینل

سولر اِنورٹر

سولر پینل سورج کی روشنی سے ڈائریکٹ کرنٹ یعنی ڈی سی تیار کرتا ہے۔ جبکہ سولر اِنورٹر سورج کی روشنی سے پیدا ہونے والی توانائی کو اے سی یعنی الٹرنیٹ کرنٹ میں تبدیل کرتا ہے تاکہ وہ گھر میں قابلِ استعمال ہو سکے۔

عمومی طور پر مارکیٹ میں دو طرح کے سولر پینلز پائے جاتے ہیں۔

مونوکریسٹالائن سولر پینل

پولی کریسٹالائن سولر پینل

مونوکریسٹالائن سولر پینل کریسٹالائن سیلیکون سے تیار کیے جاتے ہیں اور یہ کارکردگی کے لحاظ سے تسلی بخش سمجھے جاتے ہیں۔ یہ لمبے عرصے تک ساتھ دیتے ہیں اور اگر ان کی تنصیب ایسی جگہ پر ہو جہاں سورج کی روشنی بہتر انداز میں میسر ہو تو یہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ مارکیٹ میں ان کی قیمت زیادہ ہوتی ہے۔

پولی کریسٹالائن سولر پینلز پیوریفائڈ سیلیکون سے تیار کیے جاتے ہیں۔ ان کے اندر گرمی کی شدت برداشت کرنے کی سکت کم ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ زیادہ درجہ حرارت والے علاقوں میں ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ یہ سولر پینلز دیرپا بھی نہیں ہوتے۔ یہ ایسی جگہوں پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جہاں پر سورج کی روشنی مناسب ہوتی ہے۔ یہ مونوکریسٹالائن سولر پینلز کی نسبت کم قیمت ہوتے ہیں۔

خرچہ ایک مرتبہ کا، بچت زندگی بھر کی

سولر سسٹم کی خریداری اور اس کی تنصیب ایک مہنگا عمل ضرور ہے لیکن یہ زندگی بھر کی انویسٹمنٹ سمجھی جاتی ہے۔ سولر سسٹم بجلی کا بِل قدرے کم کر کے نہ ہونے کے برابر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر کے استعمال سے ہونے والا خرچہ بھی بچاتا ہے۔

سولر پینلز کی تنصیب خود یا کسی الیکٹریشن سے کروانے کے بجائے لائسنس یافتہ کمپنی کی خدمات حاصل کریں۔ ان سولر سسٹمز سے ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ پیدا ہوتا ہے اور ان کے ساتھ بھاری بھرکم بیٹریز بھی نصب کی جاتی ہیں۔ اسی لیے سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے نقصان یا خطرے سے بچا جا سکے۔

سورج کی روشنی اور سولر پینل

سولر پینلز کی تنصیب کے لیے موزوں مقام؟

سولر پینلز کی تنصیب کے لیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ انہیں جنوب کی جانب نصب کیا جائے، یہاں ان کو سورج کی روشنی بھرپور میسر آئے گی۔ قدرتی طور پر گھر کی چھت سولر پینل نصب کرنے کے لیے بہترین مقام سمجھا جاتا ہے لیکن ایسے چھوٹے شہر یا گاؤں میں جہاں آس پاس اونچی عمارات نہ ہوں اور سورج کی روشنی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو تو ان کو زمین پر بھی نصب کیا جا سکتا ہے۔

یہاں یہ بات جاننا نہایت ضروری ہے کہ ایک روایتی سولر پینل ایک مربع فٹ کی حدود میں 5 سے 10 واٹ بجلی پیدا کرتا ہے۔ اگر آپ 1000 واٹ بجلی پیدا کرنا چاہتے تو آپ کو 100 سے 200 مربع فُٹ کے رقبے میں سولر پینلز نصب کرنے کی ضرورت پیش آئے گی۔ سولر سسٹم چھت پر نصب کرنا مہنگا عمل ہے اس لیے ایسے علاقے جہاں تیز ہواؤں، آندھی یا طوفان کا آنا معمول ہو، وہاں ماہرین کی جانب سے سولر پینلز کی تنصیب کی ممانعت کی جاتی ہے۔

تصدیق یافتہ فروخت کنندہ سے خریداری

اگر آپ اپنے گھر کے لیے سولر پینلز خریدنا چاہ رہے ہیں تو صرف لائسنس یافتہ فروخت کنندہ سے سولر سسٹم خریدیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس بات کی بھی تسلی کر لیں کہ اس کے پاس تنصیب کا لائسنس بھی ہے یا نہیں۔ کبھی بھی کسی غیرتصدیق شدہ کمپنی سے زیادہ وارنٹی کے لالچ میں سولر پینلز کی خریداری مت کیجیے۔

عمومی طور پر کمپنیاں سولر پینلز کے لیے 25 برس اور اِنورٹر کے لیے 5 برس تک کی وارنٹی دیتی ہیں۔

سولر پینلز کی خریداری زندگی میں ایک مرتبہ کی سرمایہ کاری ہوتی ہے جو ساری عمر نفع دیتی ہے۔ اسی لیے استعمال شدہ یا سستے اور غیرمعیاری سولر پینلز کے انتخاب کے بجائے ہمیشہ معیاری سولر پینلز کا انتخاب کیجیے تاکہ زندگی بھر کسی قسم کے مسائل کا سامنا درپیش نہ ہو اور آپ باآسانی سولر سسٹم سے مستفید ہو سکیں۔

مزید خبروں اور اپڈیٹس کیلئے وزٹ کیجئے گرانہ بلاگ۔

invest with imarat Islamabad’s emerging city
centre
Learn More
Scroll to Top
Scroll to Top